جمعرات 12 نومبر 2026 - 17:03
مولانا ابوالکلام کے افکار میں کربلائی تموج، مخالفتِ تقسیم اور ہندوستانی مسلمانوں کا مستقبل

حوزہ/ مولانا ابوالکلام آزاد کی فکری و سیاسی بصیرت، واقعۂ کربلا سے ان کے نظریاتی تعلق، تقسیمِ ہند کی مخالفت اور ہندوستانی مسلمانوں کے مستقبل کے حوالے سے ان کے افکار کا جائزہ لیتے ہوئے مولانا سید نجیب الحسن زیدی نے اپنے اس مضمون میں واضح کیا ہے کہ مولانا آزاد کی قومی وحدت، خودداری اور تعلیمی ترقی سے متعلق فکر آج بھی مسلمانوں کی اجتماعی رہنمائی کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔ مضمون میں ان کے تاریخی موقف کی روشنی میں موجودہ مسلمانوں کے سیاسی، تعلیمی اور معاشی مسائل اور مستقبل کی تعمیر کے تقاضوں کی بھی وضاحت کی گئی ہے۔

تحریر: مولانا سید نجیب الحسن زیدی

حوزہ نیوز ایجنسی | تاریخ میں بعض شخصیات اپنے معاصر دور سے آگے دیکھنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کی فکر وقتی سیاسی حالات سے بلند ہوکر آنے والی نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بن جاتی ہے۔ مولانا ابوالکلام آزاد (1888ء–1958ء) ہندوستان کی ایسی ہی ہمہ جہت شخصیت تھے۔ وہ عالمِ دین، مفسر، صحافی، مفکر، مجاہدِ آزادی اور آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم تھے۔ ان کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو یہ ہے کہ انہوں نے مسلمانوں کے مستقبل کو ہندوستان کی مشترکہ قومی زندگی سے الگ کرکے دیکھنے سے انکار کیا۔

مولانا آزاد کی مخالفتِ تقسیم محض ایک سیاسی اختلاف نہیں تھی، بلکہ اس کے پیچھے ایک وسیع تاریخی، تہذیبی اور سیاسی تصور موجود تھا۔ وہ سمجھتے تھے کہ ہندوستانی مسلمان اس سرزمین کی تاریخ کے محض تماشائی نہیں بلکہ اس کے معمار ہیں؛ لہٰذا مذہبی شناخت کی بنیاد پر ملک کی تقسیم انہیں ان کے وسیع تاریخی و سیاسی کردار سے محروم کرسکتی ہے۔

آج جب ہندوستانی مسلمان سیاسی بے وزنی، تعلیمی پسماندگی، معاشی مشکلات اور مذہبی و شہری حقوق کے تحفظ جیسے مسائل سے دوچار ہیں تو مولانا آزاد کی فکر کا ازسرنو مطالعہ محض تاریخی دلچسپی نہیں بلکہ ایک اجتماعی ضرورت بن جاتا ہے۔

امام حسینؑ اور کربلا: اصول، حریت اور مزاحمت کا تصور

مولانا آزاد کی دینی و تاریخی فکر میں واقعۂ کربلا کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ ان کی تحریر *شہادتِ حسین* اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ امام حسینؑ کے قیام کو محض ایک تاریخی سانحہ یا خاندانی المیے کے طور پر نہیں دیکھتے، بلکہ اسے اسلامی اصولوں، حق کی سربلندی اور جبر کے مقابلے میں اخلاقی استقامت کے تناظر میں سمجھتے ہیں۔۱

واقعۂ کربلا کا مرکزی سوال اقتدار اور اصول کے درمیان انتخاب کا سوال ہے۔ امام حسینؑ نے ایسے سیاسی نظام کی بیعت سے انکار کیا جسے وہ اسلامی اصولوں اور عدل کے منافی سمجھتے تھے۔ اس اعتبار سے کربلا اسلامی تاریخ میں ضمیر کی آزادی، ظلم کے خلاف مزاحمت اور اصولی موقف پر ثابت قدمی کی علامت بن گئی۔

مولانا آزاد کی فکر میں اس واقعے کی معنویت یہ ہے کہ دین کو محض رسمی عبادات اور تاریخی تفاخر تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔ اس کی حقیقی روح عدل، حق، انسانی وقار اور اخلاقی ذمہ داری میں مضمر ہے۔

یہاں ایک فکری مناسبت بھی قابلِ توجہ ہے: امام حسینؑ نے اپنے عہد کے جبر کے سامنے اصولی استقامت کا مظاہرہ کیا، جب کہ مولانا آزاد نے اپنے عہد کی فرقہ وارانہ سیاست اور تقسیم کے تصور کے مقابلے میں مشترکہ قومیت اور قومی وحدت کا موقف اختیار کیا اور کربلائی فکری تموج کے ساتھ لوگوں کو ظلم کے مقابل صف بستہ ہو کر کھڑے رہنے کی تلقین کرتے رہے

تقسیمِ ہند کی مخالفت: مولانا آزاد کا تاریخی موقف

مولانا آزاد کی سیاسی بصیرت کا سب سے اہم مظہر ان کی مخالفتِ تقسیم ہے۔ جب مسلم لیگ نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر الگ وطن کا مطالبہ پیش کیا تو مولانا آزاد نے اس تصور کو مسلمانوں کے طویل مدتی مفادات کے لیے نقصان دہ سمجھا۔

ان کا بنیادی استدلال یہ تھا کہ ہندوستانی مسلمان محض ایک مذہبی گروہ نہیں بلکہ اس ملک کی مشترکہ تاریخ، تہذیب، معیشت اور سیاسی زندگی کا ایک ناقابلِ تقسیم حصہ ہیں۔ مذہب کی بنیاد پر جغرافیائی تقسیم سے نہ تمام مسلمانوں کے مسائل حل ہوں گے اور نہ فرقہ وارانہ کشیدگی کا خاتمہ یقینی ہوگا۔

1940ء کے خطبۂ رام گڑھ میں مولانا آزاد نے ہندوستانی قومیت کے جس تصور کی وضاحت کی، اس میں مذہبی تنوع کو قومی وحدت کے منافی نہیں سمجھا گیا۔ ان کے نزدیک ہندوستان کی مشترکہ تہذیب مختلف مذہبی اور ثقافتی روایات کے اشتراک سے تشکیل پائی تھی۔۲

ان کی کتاب India Wins Freedom تقسیم کے بارے میں ان کے موقف کو سمجھنے کا بنیادی ماخذ ہے۔ اس میں انہوں نے کانگریس، مسلم لیگ، برطانوی پالیسی اور تقسیم کے سیاسی حالات کا تجزیہ کیا ہے۔۳

مولانا آزاد کے نزدیک پاکستان کا قیام ہندوستانی مسلمانوں کے مسئلے کا مکمل حل نہیں تھا، کیونکہ تقسیم کے بعد بھی ایک بہت بڑی مسلم آبادی ہندوستان میں رہ جانے والی تھی۔ ان کا اندیشہ تھا کہ مسلم اکثریتی علاقوں کے الگ ہوجانے کے نتیجے میں ہندوستان کے باقی مسلمانوں کی سیاسی حیثیت، مذاکراتی قوت اور قومی سیاست میں اثراندازی متاثر ہوگی۔

یہی وہ نکتہ ہے جو آج بھی ان کے موقف کو غیر معمولی اہمیت عطا کرتا ہے۔

کیا عدمِ تقسیم کی صورت میں مسلمانوں کی سیاسی قوت زیادہ ہوتی؟

مولانا آزاد کے موقف کا سب سے اہم پہلو یہ تھا کہ وہ ہندوستانی مسلمانوں کو ایک محدود جغرافیائی وطن کے بجائے پورے ہندوستان کی سیاسی زندگی میں مؤثر کردار ادا کرتے دیکھنا چاہتے تھے۔

1940ء کے خطبۂ رام گڑھ میں انہوں نے مسلمانوں کو محض عددی اقلیت سمجھنے کے تصور پر تنقید کی۔ ان کا استدلال تھا کہ سیاسی قوت کا تعین صرف آبادی کے تناسب سے نہیں ہوتا، بلکہ اس کا تعلق جغرافیائی پھیلاؤ، معاشی حیثیت، سماجی تنظیم اور سیاسی اثراندازی سے بھی ہے۔۴

یہاں ان کی بصیرت کا ایک اہم پہلو سامنے آتا ہے۔ تقسیم سے پہلے مسلمان ہندوستان کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں آباد تھے۔ ان کی سیاسی موجودگی بنگال، پنجاب، یوپی، بہار، بمبئی، حیدرآباد اور دیگر علاقوں میں مختلف صورتوں میں موجود تھی۔ تقسیم نے اس جغرافیائی تسلسل کو توڑ دیا اور مسلمانوں کی اجتماعی قوت کو دو نئی ریاستوں میں تقسیم کردیا۔

یہ سوال کہ اگر ہندوستان تقسیم نہ ہوتا تو کیا مسلمانوں کی سیاسی حیثیت زیادہ مضبوط ہوتی، اپنے آپ میں بہت پیچیدہ اور مختلف پہلووں کا حامل ہے ہاں اتنا قرینِ قیاس ہے کہ متحدہ ہندوستان میں مسلمانوں کی وسیع جغرافیائی موجودگی انہیں قومی سیاست، پارلیمانی اتحادوں، آئینی مذاکرات اور حکومتی پالیسیوں پر اثرانداز ہونے کے زیادہ مواقع فراہم کرسکتی تھی۔

بہت ممکن تھا کہ وہ محض اقلیتی حقوق کے مطالبے تک محدود نہ رہتے بلکہ قومی اقتدار کی تشکیل میں ایک مستقل شراکت دار ہوتے۔

مولانا آزاد کا بنیادی خدشہ آج بھی قابلِ غور ہے: کیا مسلمانوں نے ایک ایسی مشترکہ سیاسی قوت سے دست برداری اختیار نہیں کی جس کے ذریعے وہ پورے ہندوستان کے سیاسی اور معاشی مستقبل میں زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکتے تھے؟

آج جب مسلمان اپنی بڑی آبادی کے باوجود کئی ریاستوں میں سیاسی نمائندگی، حکومتی فیصلہ سازی اور ادارہ جاتی اثراندازی کے مسائل سے دوچار ہیں تو یہ سوال مزید اہم ہوجاتا ہے۔

جامع مسجد کا خطاب: شکست خوردہ ذہنیت کے خلاف آواز

23 اکتوبر 1947ء کو دہلی کی جامع مسجد میں مولانا آزاد کا خطاب ان کی سیاسی بصیرت اور مسلمانوں کے مستقبل کے بارے میں ان کی تشویش کا ایک اہم تاریخی حوالہ ہے۔

تقسیم کے فسادات، نقل مکانی اور عدم تحفظ کے ماحول میں بہت سے مسلمان ہندوستان چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہے تھے۔ مولانا آزاد نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے یاد دلایا کہ ہندوستان کی تاریخ میں ان کا کردار کسی عارضی قیام کا نتیجہ نہیں بلکہ صدیوں کی تہذیبی، علمی اور سیاسی شرکت کا حاصل ہے۔

انہوں نے جامع مسجد کے میناروں اور جمنا کے کناروں کو تاریخی استعارہ بناکر مسلمانوں کو ان کے ماضی کی یاد دلائی۔ ان کے خطاب کا معروف جملہ ہے:

کہاں جارہے ہو اور کیوں جارہے ہو؟ اپنی نگاہیں اٹھاؤ، جامع مسجد کے مینار تم سے سوال کررہے ہیں۔

اس خطاب کا اصل پیغام یہ تھا کہ مسلمان خوف اور مایوسی کے زیرِ اثر اپنے تاریخی تشخص سے دست بردار نہ ہوں۔ وہ ہندوستان میں برابر کے شہری ہیں اور انہیں اپنے حقوق کے لیے کسی کی خوشنودی یا اجازت کے محتاج ہونے کی ضرورت نہیں۔۵

یہ خطاب آج بھی اس لیے اہم ہے کہ مولانا آزاد نے مسلمانوں کو محض تسلی نہیں دی بلکہ انہیں خود اعتمادی، ذمہ داری اور اپنے اجتماعی وجود کے تحفظ کا راستہ دکھایا۔

ان کا پیغام یہ نہیں تھا کہ حالات سے آنکھیں بند کرلی جائیں، بلکہ یہ تھا کہ مشکلات کے سامنے اپنے وجود اور حقوق سے دست بردار نہ ہوا جائے۔

آج کے مسلمان اور مولانا آزاد کے خدشات

آج ہندوستانی مسلمانوں کی صورت حال کا جائزہ لیا جائے تو کئی مسائل نمایاں نظر آتے ہیں۔ مساجد اور تاریخی عبادت گاہوں سے متعلق تنازعات، بعض علاقوں میں مکانات اور کاروباری مراکز کی انہدامی کارروائیاں، فرقہ وارانہ کشیدگی، معاشی عدم استحکام اور سیاسی نمائندگی کی کمزوری ایسے مسائل ہیں جنہوں نے مسلم معاشرے میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے۔

جہاں قانونی طریقۂ کار اور مساوی شہری حقوق کو نظرانداز کیا جائے وہاں معاملہ محض تعمیرات کا نہیں بلکہ آئین اور قانون کی حکمرانی کا بن جاتا ہے۔

یہ صورت حال ہمیں مولانا آزاد کے اس بنیادی سوال کی طرف واپس لے جاتی ہے کہ کسی قوم کی حقیقی قوت کیا ہوتی ہے؟

کیا صرف آبادی کی کثرت کافی ہے؟ کیا صرف مذہبی اجتماعات اور جذباتی نعروں سے اجتماعی حقوق محفوظ رہ سکتے ہیں؟

یقیناً نہیں۔ سیاسی قوت کے لیے تعلیمی قابلیت، معاشی خودکفالت، قانونی مہارت، سماجی تنظیم اور مؤثر نمائندگی ناگزیر ہیں۔

مسلمانوں کے لیے آج سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ وہ اپنے اجتماعی مسائل کا حل محض ردعمل کی سیاست میں تلاش نہ کریں، بلکہ مستقل ادارے قائم کریں۔ مساجد کے ساتھ اسکول، مدارس کے ساتھ تحقیقی مراکز، مذہبی تنظیموں کے ساتھ قانونی امداد کے ادارے اور رفاہی سرگرمیوں کے ساتھ معاشی ترقی کے منصوبے بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہوں۔

مسجد کا مینار محفوظ رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے سائے میں پروان چڑھنے والی نسل علم، شعور اور معاشی استحکام سے بھی آراستہ ہو۔

تعلیم کو قومی اقتدار کی بنیاد بنانے والا مفکر

15 اگست 1947ء کو مولانا ابوالکلام آزاد آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مقرر ہوئے اور 22 فروری 1958ء تک اس منصب پر فائز رہے۔ ان کی تعلیمی فکر کا بنیادی تصور یہ تھا کہ جدید ہندوستان کی تعمیر تعلیم، سائنسی تحقیق، فنی مہارت اور تہذیبی شعور کے بغیر ممکن نہیں۔۶

انہوں نے تعلیم کو چند مراعات یافتہ طبقات تک محدود رکھنے کے بجائے ہر بچے کا بنیادی حق قرار دیا۔ چودہ سال تک مفت اور لازمی تعلیم، خواتین کی تعلیم، فنی و زرعی تعلیم اور اعلیٰ تکنیکی تعلیم ان کی ترجیحات میں شامل تھیں۔

ان کے دور میں قائم یا فروغ پانے والے اہم اداروں میں درج ذیل شامل ہیں:

یونیورسٹی گرانٹس کمیشن: 28 دسمبر 1953ء کو مولانا آزاد نے اس کا افتتاح کیا، جب کہ 1956ء میں اسے قانونی حیثیت ملی۔۷

انڈین انسٹی ٹیوٹس آف ٹیکنالوجی: اعلیٰ تکنیکی تعلیم اور سائنسی تحقیق کے ادارہ جاتی فروغ میں ان کے دور کی پالیسیوں نے بنیادی کردار ادا کیا۔

انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز: 1950ء میں قائم ہوئی، جس کا مقصد ہندوستانی ثقافت اور علمی روابط کو عالمی سطح پر فروغ دینا تھا۔

سنگیت ناٹک اکادمی: 1953ء میں قائم ہوئی۔

ساہتیہ اکادمی: 1954ء میں ادبی و لسانی ترقی کے لیے قائم ہوئی۔

للت کلا اکادمی: 1954ء میں فنونِ لطیفہ کے فروغ کے لیے قائم ہوئی۔۸

مولانا آزاد کی تعلیمی فکر کا ایک قابلِ ذکر پہلو یہ تھا کہ وہ جدید سائنس اور مغربی علوم کے حصول کو ہندوستانی تہذیبی اقدار کے تحفظ کے منافی نہیں سمجھتے تھے۔ ان کا تصور ایک ایسی تعلیم یافتہ قوم کا تھا جو عقل و تحقیق میں ترقی کرے اور اپنی تہذیبی شناخت سے بھی وابستہ رہے۔

یہی وہ فکر ہے جس کی آج ہندوستانی مسلمانوں کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔

مسلمانوں کی ترقی کا راستہ:

آج مسلمانوں کی پسماندگی کا ایک بڑا سبب تعلیمی اور معاشی میدانوں میں مطلوبہ ادارہ جاتی قوت کا فقدان ہے۔ دینی تعلیم کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے، لیکن جدید علوم، سائنس، طب، انجینئرنگ، قانون، انتظامیہ اور ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے بغیر کوئی معاشرہ قومی سطح پر مؤثر کردار ادا نہیں کرسکتا۔

ہم سب پر لازم ہے کہ اپنے وسائل کا ایک بڑا حصہ معیاری اسکولوں، اعلیٰ تعلیمی اداروں، وظائف، تحقیقی مراکز اور پیشہ ورانہ تربیت پر صرف کریں۔

ہمیں ایسے علماء کی ضرورت ہے جو جدید فکری و سماجی مسائل سے واقف ہوں، ایسے وکلا بھی جو آئینی حقوق کا دفاع کرسکیں، ایسے ماہرینِ معیشت بھی جو معاشی خودکفالت کے منصوبے بنائیں اور ایسے سائنس دان بھی جو تحقیق و ایجاد کے میدان میں نمایاں ہوں ہمیں ان سب کی ضرورت ہے

مولانا آزاد کی فکر تھی کہ مسلمان تعلیم کو محض ملازمت حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ اجتماعی آزادی، خود اعتمادی اور سیاسی اثراندازی کی بنیاد سمجھیں۔

تاریخ سے سبق یا تاریخ کا ماتم

مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی اور فکر کا مطالعہ ہمیں ایک بنیادی حقیقت سے آشنا کرتا ہے: قوموں کی بقا صرف ماضی کی عظمت، مذہبی جذبات یا عددی قوت سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے علم، سیاسی بصیرت، معاشی خودمختاری اور اجتماعی تنظیم ضروری ہے۔

انہوں نے تقسیمِ ہند کی مخالفت اس لیے کی تھی کہ وہ مسلمانوں کو ہندوستان کی قومی زندگی سے الگ اور محدود سیاسی دائرے میں محصور نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔

آج جب مسلمانوں کے مکانات اور کاروبار بلڈوزر کی زد میں آتے ہیں، مساجد کے وجود پر سوال اٹھائے جاتے ہیں اور تعلیمی و سیاسی پسماندگی ان کے اجتماعی مستقبل کو متاثر کرتی ہے تو مولانا آزاد کی فکر ہمیں اپنے رویوں اور ترجیحات پر نظرثانی کی دعوت دیتی ہے۔

یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ تقسیم نہ ہونے کی صورت میں مسلمانوں کی سیاسی بالادستی یقینی نہیں تھی، لیکن ان کی وسیع جغرافیائی موجودگی اور مشترکہ سیاسی قوت انہیں قومی اقتدار میں زیادہ مؤثر شراکت کا موقع فراہم کرسکتی تھی۔

آج مسلمانوں کے لیے سب سے بڑا سوال یہ نہیں کہ تقسیم کیوں ہوئی، بلکہ یہ ہے کہ تقسیم کے بعد پیدا ہونے والے حالات میں انہوں نے اپنے مستقبل کی تعمیر کے لیے کیا کیا؟

قومیں صرف اپنے شہیدوں کی قربانیوں پر فخر کرکے زندہ نہیں رہتیں؛ انہیں اپنے زندہ ضمیروں، روشن دماغوں، مضبوط تعلیمی اداروں اور باوقار سیاسی کردار کے ذریعے اپنا مستقبل تعمیر کرنا پڑتا ہے۔

مولانا آزاد کو حقیقی خراجِ عقیدت یہی ہوگا کہ ان کے تصورِ تعلیم، قومی وحدت اور خودداری کو تقریروں سے نکال کر عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔

حواشی :

۱۔ شہادت حسین · ابوالکلام آزاد · مصنف : ابوالکلام آزاد · اشاعت : 001 · ناشر : اعتقاد پبلیشنگ ہاؤس، نئی دہلی · مقام اشاعت : انڈیا · سن اشاعت : 1987 ·

۲۔ Abul Kalam Azad, Presidential Address at the Ramgarh Session of the Indian National Congress, 1940۔ بالخصوص ہندوستانی قومیت، مسلم شناخت اور مشترکہ قومی وجود سے متعلق حصہ۔ [](https://franpritchett.com/00litlinks/txt_azad_congress_1940.html?utm_source=chatgpt.com)۔

۳۔ Abul Kalam Azad, India Wins Freedom: The Complete Version, Orient Blackswan, 2003۔ بالخصوص تقسیمِ ہند، کیبنٹ مشن اور مسلم لیگ کے مطالبۂ پاکستان سے متعلق ابواب۔

۴۔ ایضا، خطبۂ رام گڑھ، 1940ء؛ بالخصوص مسلمانوں کی سیاسی حیثیت اور عددی اقلیت کے تصور پر بحث۔

۵۔ مولانا ابوالکلام آزاد، خطابِ جامع مسجد دہلی، 23 اکتوبر 1947ء۔ اس خطاب کا انگریزی ترجمہ: Maulana Abul Kalam Azad’s Iconic Speech at Jama Masjid, Janata Weekly, 20 February 2021۔ [مکمل متن](https://janataweekly.org/maulana-abul-kalam-azads-iconic-speech-at-jama-masjid-23-october-1947/?utm_source=chatgpt.com)۔

۶۔ Government of India, Press Information Bureau, Maulana Abul Kalam Azad: Educationist & Scholar Extraordinary, 7 November 2008۔ [سرکاری دستاویز](https://www.pib.gov.in/newsite/erelcontent.aspx?lang=2®=48&relid=44652&utm_source=chatgpt.com)۔

۷۔ University Grants Commission, Government of India, Genesis of UGC۔ 28 دسمبر 1953ء کو مولانا آزاد کے ہاتھوں افتتاح اور 1956ء میں قانونی حیثیت کے حصول کی تفصیل۔ ](https://www.ugc.gov.in/Aboutus/Genesis?utm_source=chatgpt.com)۔

۸۔ Government of India, Press Information Bureau, Maulana Azad’s Contribution to Education in Independent India۔ تعلیمی پالیسی، قومی اکادمیوں اور بنیادی و فنی تعلیم سے متعلق تفصیلات۔ ](https://www.pib.gov.in/newsite/erelcontent.aspx?lang=2®=3&relid=44738&utm_source=chatgpt.com)۔

۹۔ Dhananjoy Bhattacharjee, “Maulana Abul Kalam Azad and the Partition of India,” Karatoya: North Bengal University Journal of History, Vol. 9, 2016, pp. 132–145۔ [تحقیقی مقالہ](https://ir.nbu.ac.in/items/8a0d27d1-a5b8-407a-ac5e-d38f7a808267?utm_source=chatgpt.com)۔

۱۰۔ Syeda Saiyidain Hameed, Maulana Azad, Islam and the Indian National Movement, Oxford University Press, 2014۔ باب President and Negotiator، صفحات 247–268۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha